ملک بھر میں کرونا کی نئی قسم اومی کرون کے وار جاری، این سی او سی کا بڑا فیصلہ، کورونا کی زیادہ شرح والے علاقوں میں تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ
این سی ای سی کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم، محکمہ صحت کے ضلعی احکام سے مل کر اسکولوں کی بندش کا تعین کریں۔ مزید یہ کہ 12 سال سے زائد عمرطلبا کو ویکسین لگانے کیلئے خصوصی مہم کی جائے۔ این سی او سی نے تعلیمی اداروں میں آئندہ ہفتوں میں بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹنگ کرنے کی بھی ہدایت کردی۔
وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح 12.93 فیصد ہوگئی ہے جبکہ اسلام آباد میں مثبت کیسز کی شرح 20فیصد کے قریب پہنچ گئی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، اس کےعلاوہ اسلام آباد کی ضلع کچہری کے 15 جج اور 58 اہلکار بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔ راولپنڈی میں کورونا کی مثبت شرح 17.5 فیصد جبکہ لاہور میں کورونا کی مثبت شرح 17.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کے پی اور بلوچستان میں بھی کورونا کے وار جاری ہیں۔
این سی او سی کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 7,678 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 1,353,479 ہوگئی۔ کورونا وائرس کی پانچویں لہر کے دوران کم از کم 23 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ قومی کوویڈ مثبت تناسب 12.93 فیصد تک پہنچ گیا۔ خطرناک رجحان میں، مجموعی طور پر مرنے والوں کی تعداد اب بڑھ کر 29,065 ہو گئی ہے۔ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 59,343 کیسز سامنے آئے۔ تشویشناک نگہداشت میں مریضوں کی تعداد 961 تھی۔ تقریباً 814 مریض وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں اور کل صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1,266,479 ہے۔