پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ہمایوں اختر کے بیٹے نے جیو نیوز کے مالک میر شکیل الرحمٰن کی بیٹی سے شادی کرلی۔ ذرائع کے مطابق جیو نیوز کے مالک میر شکیل الرحمان کی بیٹی آمنہ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان کے بیٹے قاسم رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ شادی کی تقریب کا اہتمام جمعہ کے روز کراچی کے امن ہاؤس میں کیا گیا تھا جس میں سیاسی جماعتوں اور شوبز سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ولیمے کی تقریب کا اہتمام پنجاب کے شہر لاہور میں کیا گیا جس میں سابق چیف جسٹس ٓف پاکستان آصف سعید خان کھوسہ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر چوہدری محمد سرور، جہانگیر ترین، پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، عبدالعلیم خان اور دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ رزاق داؤد، معید یوسف، عندلیب عباس، فواد حسن فواد، خرم دستگیر، سینیٹر اعجاز چوہدری، خسرو بختیار، ریاض فتیانہ، ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق، سینیٹر عرفان صدیقی، لیاقت بلوچ، مشتاق بلوچ، سینیٹر عرفان صدیقی اور دیگر نے شرکت کی۔ ، افتخار احمد اور شوبز اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔ شریک ہونے والے مہمانوں نے نئے جوڑے کو نا صرف شادی کی مبارکباد دی بلکہ آنے والی زندگی کیلئے بھی دلہا اور دلہن کیلئے سلامتی اورنیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تاہم سوشل میڈیا پر اس شادی کو لے کرعوام کی جانب سے خوب تبصرے بھی دیکھنے کو ملے۔ کچھ شخصیات نے اس شادی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ جوڑے تو آسمانوں پر بنتے ہیں لہذا شادی جیسے نیک جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہئے جبکہ دوسری طرف چند لوگ اس شادی سے ناراض بھی نظر آئے۔ تحریک انصاف کے کارکنان خاص طور پر اس شادی سے ناراض ہوئے کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف تو پارٹی کرپشن فری پاکستان کا نعرہ لگاتی ہے مگر دوسری طرف پارٹی کے اہم رہنما ایسے لوگوں کے ساتھ گٹھ جوڑ میں بھی آگے آگے ہے جن کو وہ سارا سارا دن ٹیکس چور، ڈاکواور کرپٹ جیسے القابات بھی دیتے ہیں۔ احتساب کا نعرہ لگانے والے آج انہی صفوں مں شریک ہیں جن کو وہ ملک مخالف ایجںڈے کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ایک صاحب کا کہنا تھا کہ یہ ملک تب تک ٹھیک نہیں ہوگا جب تک ساری ریاست ایک ساتھ ہو کر مافیا کے خلاف جہاد نہیں کرے گی یہاں مسئلہ یہ آرہا ہے سب کو اپنی رشتہ داریاں اور دوستیاں برقرار رکھنی ہیں اس ماحول میں احتساب دیوانے کا خواب تو ہو سکتا ہے لیکن اس کی کوئی تعبیر نہیں ہو گی۔